لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ثابت کر دیا ہے کہ ان کی حکومت صرف تعمیر و ترقی تک محدود نہیں بلکہ وہ پنجاب کے سماجی اور ثقافتی ڈھانچے کو بدلنے کا عزم رکھتی ہیں۔ لاہور میں 'کھیلتا پنجاب پنک گیمز' کی افتتاحی تقریب میں ان کا خطاب جہاں مخالفین کے لیے 'ٹف ٹائم' کا پیغام تھا، وہاں پنجاب کی بیٹیوں کے لیے امید کی نئی کرن بن کر سامنے آیا۔
وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں روایتی سوچ کو چیلنج کرتے ہوئے چند اہم نکات پیش کیے۔"کوئی یہ نہ سمجھے کہ عورت کا کام صرف گھر تک محدود ہے، عورت معیشت بھی چلا سکتی ہے، جہاز بھی اڑا سکتی ہے اور پولیس فورس کی قیادت بھی کر سکتی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایک خاتون وزیراعلیٰ مردوں کو بہترین 'ٹف ٹائم' دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ مریم نواز نے عہد کیا کہ پنجاب کی ہر بیٹی کے خواب کی تکمیل ان کی حکومت کی ذمہ داری ہے۔۔ صرف سڑکیں نہیں، میدان بھی آباد ہوں گے۔
وزیراعلیٰ نے اپنی حکومت کے ترجیحی ایجنڈے کو واضح کرتے ہوئے کہا رواں سال کو نوجوانوں کے نام کر دیا گیا ہے تاکہ انہیں موبائل فونز کی اسکرین سے نکال کر میدانِ عمل میں لایا جائے۔
رواں سال پنجاب میں بین الاقوامی معیار کی 'اسپورٹس سٹی' کی تعمیر کا آغاز کر دیا جائے گا۔ پنک گیمز کو صرف بڑے شہروں تک محدود نہیں رکھا جائے گا بلکہ اسے یونین کونسل کی سطح تک پھیلایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے صوبے میں امن و امان کی بہتر صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا خواتین کے خلاف جرائم میں ریکارڈ کمی لائی گئی ہے تاکہ ہر عورت خود کو محفوظ محسوس کرے۔ انہوں نے بسنت کو عوامی امنگوں کے مطابق اور قانونی ضوابط (SOPs) کے تحت منانے کو خوش آئند قرار دیا۔
مریم نواز نے "ہونہار اسکالرشپ" میں 60 فیصد لڑکیوں کی کامیابی کو خواتین کی فتح قرار دیا اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پنجاب کو ایک ایسا صوبہ بنائیں گی جہاں ہر بیٹی، بہن اور ماں سر اٹھا کر جی سکے۔