لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب میں شجرکاری مہم 2025-26 کی کامیابی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں سبز انقلاب کا آغاز ہو چکا ہے اور شجرکاری کے ذریعے پنجاب کو سرسبز بنانے کا خواب حقیقت بن رہا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنے پیغام میں کہا کہ پنجاب میں 4 کروڑ درخت لگائے گئے، 41 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر شجرکاری کی گئی جبکہ درختوں کی ہزاروں قطاریں قائم کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں ایسے بڑے پیمانے پر ماحولیاتی منصوبے کی مثال نہیں ملتی۔
انہوں نے کہا کہ دو سال قبل پنجاب کو سرسبز بنانے کا خواب دیکھا تھا اور اللہ تعالیٰ کے کرم سے آج اس کے نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ مریم نواز کے مطابق پنجاب کے مختلف علاقوں میں شجرکاری کے باعث ماحول میں بہتری آئی ہے اور صوبہ مستقبل میں جنگلات، صاف ہوا اور بہتر ماحول کے حوالے سے نمایاں ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ شجرکاری نئی نسل کے لیے ایک تحفہ ہے اور جنگلات قومی اثاثہ ہیں جن کا تحفظ گرین فیوچر کو یقینی بنائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ جنگلات کی حفاظت کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہا ہے۔
مریم نواز کے مطابق فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ کی جی آئی ایس لیب، ڈرونز، مصنوعی ذہانت اور سیٹلائٹ امیجری کے ذریعے جنگلات کی نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ غیرقانونی کٹائی، تجاوزات اور آگ لگنے کے واقعات کی بروقت نشاندہی کی جا سکے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے عوام سے اپیل کی کہ ہر شخص کم از کم ایک درخت لگائے اور سرسبز پنجاب کے مشن میں اپنا حصہ شامل کرے۔