لاہور:لاہور تعلیمی بورڈ کے زیرِ اہتمام میٹرک (دہم) کے سالانہ امتحانات 2026 کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ بورڈ انتظامیہ کے مطابق امتحانات کا باقاعدہ آغاز 27 مارچ سے ہوگا۔
امیدواروں کی سہولت کے لیے ریگولر اور پرائیویٹ دونوں کیٹیگریز کی رول نمبر سلپس بورڈ کی ویب سائٹ پر آن لائن کر دی گئی ہیں۔ امیدوار اپنی تفصیلات درج کر کے فوری طور پر سلپس ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔
لاہور بورڈ نے شفافیت اور نظم و ضبط برقرار رکھنے کے لیے وسیع انتظامات کیے ہیں۔ امتحانات میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 84 ہزار 7 سو 18 طلبہ و طالبات شرکت کریں گے۔ شہر بھر اور ملحقہ علاقوں میں 880 امتحانی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ امتحانی مراکز پر نگرانی کے لیے خصوصی عملہ اور انسپکشن ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔