لاہور:فوڈ اتھارٹی لاہور نے دودھ میں جعلسازی کی گھناؤنی کوشش ناکام بنا دی۔ ملتان چونگی کے قریب سوڈیم کلورائڈ کی ملاوٹ سے تیار محلول سپلائی کرنے والی گاڑی کو کارروائی کے دوران پکڑ لیا گیا۔
ترجمان فوڈ اتھارٹی کے مطابق ریگل چوک میں واقع ملک کولیکشن سینٹر کو بھی موقع پر سیل کر کے مقدمہ درج کروا دیا گیا۔
مزید بتایا گیا کہ لاہور بھر میں 473 دودھ سپلائرز اور دکانوں کی چیکنگ کی گئی، جن میں قواعد کی خلاف ورزی پر 1 لاکھ 96 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ دودھ میں ملاوٹ انسانی صحت کے لیے سنگین خطرہ ہے، اس لیے شہر بھر میں ملاوٹ مافیا کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔