لاہور :ٹولنٹن مارکیٹ لاہور کی تعمیرِ نو کے منصوبے کا دوسرا مرحلہ شروع کرنے کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ متعلقہ محکموں نے اس سلسلے میں تجاویز مرتب کر کے منصوبے کی دستاویزات پی اینڈ ڈی بورڈ کو ارسال کر دی ہیں۔
ذرائع کے مطابق منصوبے کے تحت نئے قصائی خانے کی تعمیر عمل میں لائی جائے گی، جو پنجاب فوڈ اتھارٹی کے معیار کے مطابق صاف ستھرا اور منظم مذبح خانہ ہوگا۔ اس کا مقصد شہریوں کو معیاری اور محفوظ گوشت کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔
منصوبے میں ٹولنٹن مارکیٹ کے قریب نالے کو ڈھانپنے کا کام بھی شامل ہے۔ نالے کو کور کرنے سے کھلے گندے پانی اور بدبو کے خاتمے کے ساتھ ساتھ بیماریوں کی روک تھام اور جگہ کے مؤثر استعمال کو یقینی بنایا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تعمیرِ نو کے دوسرے مرحلے کی منظوری کے بعد کام جلد شروع کیے جانے کا امکان ہے۔