گلگت: مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی قیادت سے ملاقات میں آئندہ انتخابات کی حکمتِ عملی اور تیاریاں پر غور کیا۔ اس موقع پر انہوں نے واضح کیا کہ پارٹی ٹکٹ مکمل طور پر میرٹ پر دیے جائیں گے اور اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
نواز شریف نے کہا کہ پارٹی کے لیے ضروری ہے کہ یہ طے کرے کہ کون اپنا ہے اور کون نہیں، اس لیے ترجیح ہمیشہ وفادار اور محنتی کارکنوں کو دی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) نے خطے میں ترقیاتی منصوبوں کا وسیع نیٹ ورک قائم کیا ہے اور آئندہ بھی منصوبوں میں شفافیت اولین ترجیح رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کو این ایف سی ایوارڈ کے تحت مناسب فنڈز ملنے چاہئیں، جس کے لیے وہ وزیراعظم شہباز شریف سے بات کریں گے۔ ملاقات میں نواز شریف نے پارٹی قیادت کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے کہا کہ حالات مثبت ہیں اور آئندہ انتخابات میں بہتر نتائج کی امید ہے۔