لاہور انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے پولیس سروسز کی فراہمی اور شکایات کے ازالے کے لیے شہریوں سے براہِ راست رابطے کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے آج '1787 کمپلینٹ سنٹر' کا دورہ کیا اور شہریوں سے بذریعہ فون گفتگو کر کے ان کے مسائل دریافت کیے۔
آئی جی پنجاب نے کمپلینٹ سنٹر میں موصول ہونے والی مختلف درخواستوں اور شکایات کا خود جائزہ لیا۔ آئی جی پنجاب نے شہریوں سے براہِ راست پوچھا کہ تھانوں میں ان کے ساتھ پولیس افسران کا رویہ کیسا رہا۔
انہوں نے دریافت کیا کہ شکایت درج کرانے کے بعد پولیس نے اب تک کیا ایکشن لیا اور کیا شہری کارروائی سے مطمئن ہیں۔ناقص کارکردگی یا تاخیری حربے استعمال کرنے والے اہلکاروں کے خلاف انہوں نے موقع پر ہی سخت احکامات جاری کیے۔
آئی جی پنجاب کا کہنا ہے کہ 1787 ہیلپ لائن کا مقصد عوام اور پولیس کے درمیان فاصلوں کو ختم کرنا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کی شکایات پر ایکشن نہ لینے والے افسران کے خلاف تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی کیونکہ پولیس کا کام عوام کی خدمت اور ان کے جان و مال کا تحفظ ہے۔
عبدالکریم نے شہریوں کو یقین دلایا کہ ان کی شکایات کا ازالہ میرٹ پر کیا جائے گا۔ ان کا یہ اقدام پولیس سسٹم میں شفافیت لانے اور افسر شاہی کے بجائے عوامی خدمت کے کلچر کو فروغ دینے کی ایک کڑی ہے۔