لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر "شواہد پر مبنی" کارروائی کے لیے "ون ایپ" (One App) کا افتتاح کر دیا ہے۔ یہ پاکستان کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا پہلا ڈیجیٹل انفورسمنٹ سسٹم ہے جو ٹریفک پولیس کے نظام میں مکمل شفافیت لائے گا۔
اب کوئی بھی ٹریفک چالان زبانی کلامی نہیں ہوگا، بلکہ ہر چالان کے ساتھ ٹریفک خلاف ورزی کی ویڈیو ریکارڈنگ منسلک کی جائے گی جو محفوظ اور قابلِ تصدیق ہوگی۔ٹریفک وارڈنز موقع پر ہی ایپ کے ذریعے شہری کے شناختی کارڈ، ڈرائیونگ لائسنس اور گاڑی کے کاغذات کی جانچ کر سکیں گے۔
یہ سسٹم پولیس کے مرکزی ڈیٹا بیس سے منسلک ہے، جس کی بدولت مشکوک یا چوری شدہ گاڑیوں کو فوری طور پر پکڑا جا سکے گا۔ ویڈیو ثبوت کی موجودگی میں غلط چالان یا رشوت ستانی کے امکانات ختم ہو جائیں گے، جس سے پولیس اور عوام کے درمیان اعتماد بڑھے گا۔ ترجمان ٹریفک پولیس نے واضح کیا ہے کہ اس سسٹم کے نفاذ سے پنجاب بھر میں ٹریفک قوانین کا نفاذ اب سائنسی بنیادوں پر ہوگا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے اس موقع پر ہدایت کی کہ ٹیکنالوجی کے اس استعمال کا مقصد شہریوں کو تنگ کرنا نہیں بلکہ سڑکوں پر ان کی زندگیوں کو محفوظ بنانا اور قانون کی بالادستی قائم کرنا ہے۔اس ایپ کے ذریعے چالان کی ادائیگی اور ریکارڈ کا انتظام بھی پہلے سے کہیں زیادہ آسان اور ڈیجیٹل کر دیا گیا ہے۔