لاہور: پنجاب کے مختلف شہروں میں بارش اور تیز ہواؤں نے موسم خوشگوار بنا دیا، جبکہ کئی روز سے جاری شدید گرمی کی لہر دم توڑ گئی۔ لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، حافظ آباد، گجرات، سرگودھا اور گرد و نواح میں کہیں ہلکی اور کہیں موسلا دھار بارش ریکارڈ کی گئی۔
بارش کے بعد درجہ حرارت میں نمایاں کمی آئی اور ٹھنڈی ہواؤں نے حبس کا خاتمہ کر دیا، جس پر شہریوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ بعض علاقوں میں بارش کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، تاہم مجموعی طور پر موسم خوشگوار رہا۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران پنجاب کے مختلف علاقوں میں مزید بارش، آندھی اور گرج چمک کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔