لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت سکول ایجوکیشن کے حوالے سے خصوصی اجلاس ہوا، جس میں صوبے کے تعلیمی نظام کو مزید بہتر بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیراعلیٰ نے وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کو ہدایت کی کہ وہ ہر ہفتے کسی سکول میں جا کر خود کلاس لیں اور طلبہ و اساتذہ کے مسائل، تدریسی معیار اور سکولوں کی صورتحال کا براہِ راست مشاہدہ کریں۔
بریفنگ کے دوران پرائیویٹ سکولوں کی رجسٹریشن کے لیے ڈیجیٹل میکانزم پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا جبکہ صوبہ بھر میں ٹیوشن سینٹرز کی رجسٹریشن کے لیے تجاویز بھی طلب کی گئیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے تعلیمی اداروں کی مؤثر نگرانی، رجسٹریشن کے نظام میں شفافیت اور طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں سکول ایجوکیشن سے متعلق مختلف امور، جاری منصوبوں اور آئندہ کے اقدامات پر بھی غور کیا گیا۔