لاہور : محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبے بھر کے سرکاری اور نجی سکولوں میں اساتذہ اور طلبہ کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سکیورٹی نظام کو مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے جدید ٹیکنالوجی پر مبنی نئے حفاظتی اقدامات متعارف کروا دیے گئے ہیں۔
محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے جاری کردہ مراسلے کے مطابق تمام سرکاری اور نجی سکولوں کو فوری طور پر اپنے احاطے میں 'پینک بٹن' نصب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ناگہانی صورتحال میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری اطلاع دی جا سکے۔
کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری مدد کے لیے ایک مربوط 'ایمرجنسی الرٹ سسٹم' بھی فعال کر دیا گیا ہے۔نئے حفاظتی ضوابط کے تحت اساتذہ اور طلبہ کے لیے ڈیجیٹل تحفظ کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے۔ تمام سکولوں کے اساتذہ اور طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 'پبلک سیفٹی ایپ' پر اپنی رجسٹریشن لازمی مکمل کریں۔
اس ایپ کے ذریعے ہنگامی حالات میں لوکیشن شیئرنگ اور فوری مدد حاصل کرنا آسان ہو جائے گا۔محکمہ سکول ایجوکیشن کے حکام کا کہنا ہے کہ ان اقدامات کا مقصد تعلیمی اداروں میں محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے تاکہ طلبہ اور اساتذہ کسی خوف کے بغیر تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھ سکیں۔ سکیورٹی ٹیموں کو سکولوں کے باقاعدہ معائنے اور ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کا ٹاسک بھی دے دیا گیا ہے۔