لاہور : وزیر اعلیٰ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر صوبے میں بین المذاہب ہم آہنگی اور امن و امان کے قیام کے لیے علماء کرام سے اہم ملاقاتوں کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں صوبائی وزیر و چیئرمین کابینہ کمیٹی برائے امن و امان خواجہ سلمان رفیق سے محکمہ داخلہ میں جید علماء کے ایک وفد نے ملاقات کی۔
علماء کرام کے اس اہم وفد کی قیادت خطیب و امام بادشاہی مسجد لاہور و چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد نے کی۔ ملاقات میں ملکی سلامتی اور حالیہ سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے دوران پاکستان کی سرحدوں کے تحفظ اور دہشت گردی کے خلاف جاری کارروائیوں پر مسلح افواج کی خدمات کو سراہا گیا۔
علماء کرام نے دہشت گردوں کے خلاف جاری کامیاب آپریشنز پر پاک فوج کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔ ملک دشمن عناصر اور غیر ملکی سازشوں (فتنہ الہندوستان) کے خلاف پاک فوج کی بہادری اور قربانیوں کی مکمل تائید کی گئی۔
صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر کہا کہ علماء کرام کا معاشرے میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کلیدی کردار ہے۔ حکومت پنجاب دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی افواج کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے علماء کا تعاون ناگزیر ہے۔