ملک دشمن عناصر کے پروپیگنڈے میں نہ آئیں، خواتین کا تحفظ میری ریڈ لائن ہے: مریم نواز

ملک دشمن عناصر کے پروپیگنڈے میں نہ آئیں، خواتین کا تحفظ میری ریڈ لائن ہے: مریم نواز

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے لاہور کالج فار ویمن یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے نوجوان نسل، بالخصوص طالبات کو ملک دشمن عناصر کے منفی پروپیگنڈے سے ہوشیار رہنے کی تاکید کی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اب عالمی سطح پر ایک اہم مصالحت کار کے طور پر ابھرا ہے جس نے دنیا کو ایک بڑی تباہی سے بچایا۔
وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں بین الاقوامی تنازعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا     پاکستان کی کامیاب سفارت کاری کی بدولت ایران اور امریکہ کے درمیان جنگ کے بادل چھٹے، جو بصورتِ دیگر تیسری جنگ عظیم کا سبب بن سکتے تھے۔    آج پاکستان بڑے ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہا ہے جو ہماری خارجہ پالیسی کی بڑی کامیابی ہے۔مریم نواز نے اپنی سیاسی زندگی کی سختیوں کا ذکر کرتے ہوئے ایک طاقتور پیغام دیا۔ انہوں نے کہاکہ  مخالفین نے مجھے جن مشکلات کی بھٹی سے گزارا، اس نے مجھے توڑنے کے بجائے کندن بنا دیا ہے۔ آج میں پہلے سے زیادہ مضبوط ہوں اور کسی سے نہیں ڈرتی۔انہوں نے مزید کہا کہ جب قوم متحد ہو تو آپریشن بنیان مرصوص جیسی بڑی کامیابیاں مقدر بنتی ہیں۔ان کاکہنا تھا کہ آن لائن ہراسمنٹ کے خلاف ایک مکمل سسٹم تیار کر لیا گیا ہے جو جلد ہی لانچ کیا جائے گا۔
مریم نواز نے عزم ظاہر کیا کہ وہ پنجاب کو خواتین کے لیے ایک مثالی اور محفوظ صوبہ بنانا چاہتی ہیں جہاں انہیں ترقی کے یکساں مواقع ملیں۔
تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر حکومت بروقت پٹرول اور بجلی کے حوالے سے مشکل فیصلے نہ کرتی تو ملک میں توانائی کا سنگین بحران پیدا ہو جاتا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کی تمام تر کوششیں ملکی معیشت کو پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے ہیں۔

ٹیگز: