لاہور:صوبائی دارالحکومت لاہور میں سردی کے ساتھ دھند نے بھی ڈیرے ڈال لیے ہیں، جس کے باعث شہریوں کو صبح اور شام کے اوقات میں حدِ نگاہ میں کمی کا سامنا ہے۔ فضائی معیار مزید خراب ہونے کے بعد لاہور آج دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں چوتھے نمبر پر رہا۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا کوئی امکان نہیں، تاہم موسم خشک اور سرد رہے گا، جبکہ رات اور صبح کے اوقات میں دھند میں اضافہ متوقع ہے۔
ماہرینِ ماحولیات نے شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ آلودہ فضا کے باعث سانس اور آنکھوں کی بیماریوں میں اضافہ ہو سکتا ہے، اس لیے شہری ماسک کے استعمال اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے کے آخر تک درجہ حرارت میں مزید کمی کا امکان ہے، جبکہ سردی کی شدت بڑھنے کے ساتھ دھند اور اسموگ میں بھی اضافہ ہو سکتا ہے۔