لاہور:وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے اسلام آباد کچہری اور وانا کیڈٹ کالج پر دہشتگرد حملوں کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پنجاب حکومت شہید ہونے والے شہریوں کے اہلخانہ سے تعزیت کرتی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے زخمی ہونے والوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور کہا کہ پاک فوج کے کامیاب ریسکیو آپریشن نے وانا کیڈٹ کالج میں سینکڑوں طلبہ اور اساتذہ کی جانیں بچائی، جس پر پوری قوم افواج پاکستان کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگرد اور ان کے سہولتکار ہر صورت کیفر کردار تک پہنچائے جائیں گے۔ وزیر اطلاعات نے بھارت اور افغان رجیم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ دہشتگردوں کی پشت پناہی کر رہے ہیں، مگر پاکستان اپنی قومی سلامتی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
عظمیٰ بخاری نے پاک فوج کی ماضی کی کارکردگی کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مئی میں پاک فوج نے اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کو چند گھنٹوں میں شکست دی اور دنیا کے سامنے اپنی بہترین فوج ہونے کا ثبوت دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ہمیشہ ارض پاک کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔