بجلی بلوں سے ستائے عوام کے لیے بڑی نوید: وزیراعلیٰ پنجاب کا فری سولر اسکیم کو وسعت دینے کا اعلان

بجلی بلوں سے ستائے عوام کے لیے بڑی نوید: وزیراعلیٰ پنجاب کا فری سولر اسکیم کو وسعت دینے کا اعلان

منصوبے کی مدت دسمبر 2026 تک بڑھا دی گئی، اب 94 ہزار سے زائد گھرانوں کو مفت سولر سسٹمز ملیں گے

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مہنگائی اور بجلی کے بھاری بلوں کے بوجھ تلے دبے شہریوں کے لیے ریلیف کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومتِ پنجاب نے اپنی مقبول "فری سولر پینل اسکیم" کی مدت میں توسیع کے ساتھ ساتھ مستفید ہونے والے افراد کی تعداد میں بھی نمایاں اضافہ کر دیا ہے۔
حکومتی فیصلے کے مطابق، یہ منصوبہ جو پہلے جون 2026 میں مکمل ہونا تھا، اب دسمبر 2026 تک جاری رہے گا۔ اس توسیع کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ دور دراز علاقوں کے مستحق شہری بھی اس سہولت سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔
وزیراعلیٰ کی خصوصی ہدایت پر اسکیم کے لیے اضافی فنڈز جاری کر دیے گئے ہیں ۔اب صوبے بھر میں تقسیم کیے جانے والے سولر سسٹمز کی مجموعی تعداد 94 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ اضافی فنڈز کی بدولت ان خاندانوں کو بھی اسکیم میں شامل کیا گیا ہے جو پہلے محدود کوٹے کی وجہ سے رہ گئے تھے۔
سکیم کا بنیادی مقصد عام آدمی کے گھریلو بجٹ پر بجلی کے اخراجات کے اثر کو کم کرنا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان 94 ہزار سسٹمز کی تنصیب سے نہ صرف ہزاروں گھرانوں کے بلوں میں واضح کمی آئے گی بلکہ یہ توانائی کے شعبے میں خود انحصاری کی جانب ایک بڑا قدم ثابت ہوگا۔
سیاسی و معاشی حلقوں نے اس فیصلے کو پنجاب حکومت کا ایک پائیدار عوامی منصوبہ قرار دیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سولر سسٹمز کی فراہمی سے انہیں مہنگائی کے اس دور میں ماہانہ بنیادوں پر ایک بڑی مالی بچت میسر آئے گی، جس سے ان کے معیارِ زندگی میں بہتری ممکن ہو سکے گی۔

ٹیگز: