لاہور: ملک بھر کی طرح لاہور میں بھی جشنِ آزادی کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ شہر کے اہم مقامات کو سبز ہلالی پرچموں، جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے سجا دیا گیا ہے، جبکہ لبرٹی چوک کو بھی سبز ہلالی پرچموں اور خوبصورت لائٹس سے سجا دیا گیا۔
آزادی کے جشن کے سلسلے میں آج لبرٹی چوک میں شاندار میوزک شو کا بھی انعقاد کیا جائے گا، جس میں شہری بڑی تعداد میں شرکت کریں گے۔
دوسری جانب سندھ حکومت کی جانب سے جشنِ آزادی کے موقع پر خصوصی یومِ آزادی تھر ڈیزرٹ ٹرین سفاری کراچی سے روانہ ہوگئی۔ کراچی کینٹ اسٹیشن پر خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں مہمانوں کا ڈھول اور شہنائیوں کی گونج میں استقبال کیا گیا۔
خصوصی ٹرین کے ذریعے سیاحوں کو سندھ کے تاریخی اور ثقافتی ورثے سے روشناس کرایا جائے گا، جبکہ سیاح پاکستان بارڈر کی بھی سیر کریں گے۔ یومِ آزادی کے موقع پر خصوصی ٹرین سفاری کو سندھ کی ثقافت اور سیاحت کے فروغ کے لیے اہم اقدام قرار دیا جا رہا ہے۔