لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبے کے ہر سیکٹر، ڈیپارٹمنٹ اور ادارے کو ڈیجیٹلائزیشن کی راہ پر گامزن کیا جا رہا ہے، ڈیجیٹل آٹومیشن سسٹم کے ذریعے کرپٹ عناصر سے نجات ملے گی اور شفافیت یقینی بنائی جائے گی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ آٹومیشن سروسز سسٹم کے ذریعے شہریوں کو کسی اہلکار سے واسطہ نہیں پڑے گا، جبکہ عوام کو معمولی کاموں کے لیے سرکاری دفاتر کے چکر لگانے کی زحمت سے بھی نجات دلانا چاہتے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کے لیے اینڈ ٹو اینڈ آٹومیشن اور پیپر لیس سسٹم مؤثر ثابت ہوگا۔ حکومتی اداروں میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے نہ صرف شفافیت بڑھے گی بلکہ عوام کو خدمات کی فراہمی بھی مزید آسان اور تیز ہوگی۔
اجلاس میں چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ فیصل یوسف نے پیپر لیس اور آٹومیشن ٹیکنالوجی کے حوالے سے بریفنگ دی اور ڈیجیٹل نظام کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کیا۔