لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبہ بھر میں قائم سہولت بازاروں سے عوام کی جانب سے کی جانے والی ریکارڈ خریداری پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ اور متعلقہ ٹیموں کو بہترین انتظامات پر بھرپور شاباش دی ہے۔وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنے بیان میں کہا کہ سہولت بازاروں کی تمام کیٹگریز میں 80 فیصد سے زیادہ اطمینان کی سطح (Satisfaction Level) اس بات کی گواہی ہے کہ حکومت کے اقدامات کے ثمرات براہِ راست عوام تک پہنچ رہے ہیں۔ انہوں نے اسے "حقیقی عوامی قدر" کی نشاندہی قرار دیا۔
وزیراعلیٰ نے سہولت بازاروں میں نظم و ضبط اور صفائی کے مثالی انتظامات پر ٹیموں کی کارکردگی کو سراہا۔ اشیاء کی وافر فراہمی اور قیمتوں کے کنٹرول کو یقینی بنانے پر،بازاروں میں سکیورٹی اور نظم و ضبط برقرار رکھنے پر،بازاروں اور گردونواح میں صفائی ستھرائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے پر۔
مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور سہولت بازاروں کا ماڈل اسی وژن کا حصہ ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ عوام کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی جاری رکھی جائے۔