لاہور:وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے کے اضلاع کو انتظامی اور مالی طور پر خود مختار بنانے کے لیے 'ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پلان' کے تحت تاریخی فیصلے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس نئے فارمولے کے مطابق اب جس ضلع سے ریونیو جمع ہوگا، وہی رقم اسی ضلع کی تعمیر و ترقی اور عوامی فلاح کے منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی زیرِ صدارت کمشنرز کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں کمشنر ساہیوال، سرگودھا، فیصل آباد اور ملتان نے اپنے متعلقہ اضلاع کے دستیاب وسائل اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ مریم نواز شریف نے مقامی ریونیو سے اربوں روپے کی لاگت کے ترقیاتی کاموں کے آغاز کی منظوری دیتے ہوئے واضح کیا کہ اب اضلاع کو فنڈز کے لیے لاہور کی طرف نہیں دیکھنا پڑے گا۔
اجلاس کے دوران مریم نواز شریف نے افسران کو سخت وارننگ دیتے ہوئے کہا "مجھے محض کاغذی کارروائی یا 'آئی واش' نہیں بلکہ گراؤنڈ ورک چاہیے۔ کمشنرز اب ایئر کنڈیشنڈ کمروں تک محدود رہنے کے بجائے فیلڈ میں نظر آئیں اور عوامی مسائل کا موقع پر حل یقینی بنائیں۔وزیر اعلیٰ نے فیصل آباد کی ایک نجی سوسائٹی میں کھلے مین ہول میں گر کر بچی کی ہلاکت کے واقعے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ انہوں نے انتظامیہ کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی مجرمانہ غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے تمام اضلاع میں سیوریج اور حفاظتی انتظامات کو بہتر بنانے کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت بھی جاری کی۔