لاہور:وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی زیرِ صدارت انفارمیشن سٹیئرنگ کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں نئی نسل میں حب الوطنی کے فروغ اور قومی ہیروز کی قربانیوں کو اجاگر کرنے کے لیے انقلابی اقدامات کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں سیکرٹری انفارمیشن طاہر رضا ہمدانی سمیت دیگر اہم نمائندگان نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران متفقہ طور پر یہ فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب کے تعلیمی نصاب میں "معرکہ حق" کے حوالے سے خصوصی مضامین شامل کیے جائیں گے تاکہ طلبہ کو ملکی دفاع کی تاریخ اور قومی یکجہتی کی اہمیت سے آگاہ کیا جا سکے۔
اس موقع پر عظمیٰ بخاری نے فلم انڈسٹری کے حوالے سے بھی بڑے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے فلم فنڈ کے تحت "معرکہ حق" اور قومی یکجہتی کے موضوعات پر مبنی فلمیں بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آرٹ اور نصاب کے ذریعے ہم اپنے قومی بیانیے کو مزید مضبوط کریں گے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ان منصوبوں پر فوری کام شروع کیا جائے تاکہ نوجوانوں تک ہماری عظیم تاریخ کا پیغام مؤثر انداز میں پہنچ سکے۔