لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گندم کے کاشتکاروں کے لیے بڑے ریلیف پیکیج کا اعلان کر دیا ہے۔ حکومتِ پنجاب نے کسانوں کو مڈل مین کے استحصال سے بچانے اور انہیں گندم کا مناسب معاوضہ فراہم کرنے کے لیے 3,500 روپے فی من کی قیمت مقرر کر کے فوری خریداری کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
وزیراعلیٰ نے کسانوں کے معاشی بوجھ کو کم کرنے کے لیے 6 ارب روپے مالیت کا باردانہ مفت فراہم کرنے کی منظوری دی ہے۔ پالیسی کے مطابق پنجاب کے تمام رجسٹرڈ کاشتکاروں کو متعلقہ پرچیز سنٹرز سے فی ایکڑ 10 بوری باردانہ دیا جائے گا تاکہ وہ اپنی فصل باآسانی سرکاری مراکز تک لا سکیں۔
شفافیت کو برقرار رکھنے کے لیے فیصلہ کیا گیا ہے کہ کسان کارڈ ہولڈرز کو گندم کی خریداری کے عمل میں ترجیح دی جائے گی، جس سے چھوٹے اور حقیقی کاشتکار براہِ راست مستفید ہوں گے۔ مریم نواز نے محکمہ خوراک کو ہدایت کی ہے کہ صوبے بھر میں خریداری کے مراکز فعال کیے جائیں اور کسانوں کو ادائیگیوں میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔