لاہور :صوبائی وزیرِ اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب کے عوام نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی قیادت اور حکومت پر بھرپور اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مریم نواز عوام کے اعتماد پر پورا اتر رہی ہیں اور ان کی انتھک محنت کا نتیجہ ہے کہ ہر سروے میں ان کی مقبولیت کا گراف تیزی سے اوپر جا رہا ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ گزشتہ دو سالوں کے دوران مریم نواز نے اپنی کارکردگی سے صوبے کے عوام کو اپنا گرویدہ بنا لیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقی کا سفر اب صرف لاہور تک محدود نہیں رہا بلکہ اسے پورے پنجاب تک منتقل کر دیا گیا ہے۔ حکومتِ پنجاب کی پالیسیوں کے ثمرات اب ہر ضلع اور ہر طبقے تک پہنچ رہے ہیں۔
وزیرِ اطلاعات نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نے معاشرے کے ہر طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں۔ مریم نواز کی قیادت میں صوبہ ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہے اور عوام کے معیارِ زندگی میں بہتری لانا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔