فیصل آباد : صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے فیصل آباد انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی اور چلڈرن ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور اہم اجلاسوں کی صدارت کی۔ ان کے ہمراہ سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود اور چیئرمین وزیراعلیٰ ایڈوائزری کمیٹی ڈاکٹر فرقد عالمگیر بھی موجود تھے۔
وزیراعلیٰ پنجاب ایڈلٹ کارڈک سرجری پروگرام کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں صوبائی وزیر کو بتایا گیا کہ فیصل آباد میں ماہانہ 800 سے زائد کارڈک کیسز کامیابی سے نمٹائے جا رہے ہیں۔ 'چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام' کے تحت اب تک 12 ہزار سے زائد بچوں کے دل کے آپریشن مکمل کیے جا چکے ہیں۔ پنجاب بھر میں رواں سال 16 لاکھ مریضوں کو مفت ڈائلیسز کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
خواجہ سلمان رفیق نے چلڈرن ہسپتال کے مختلف وارڈز بشمول نرسری، نیوناٹالوجی، آنکالوجی اور نیورومیٹابالک وارڈز کا معائنہ کیا۔ انہوں نے زیر علاج بچوں کی عیادت کی اور ان کے والدین سے علاج کے معیار کے بارے میں دریافت کیا۔ صوبائی وزیر نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ بچوں کے علاج میں بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور صفائی ستھرائی سمیت طبی خدمات کا معیار مزید بہتر کیا جائے۔
جدید مشینری اور نئے منصوبے سیکرٹری صحت عظمت محمود نے یقین دہانی کرائی کہ فیصل آباد کے سرکاری ہسپتالوں میں جلد جدید ایم آر آئی (MRI) اور انجیو گرافی مشینوں کی تنصیب کا عمل شروع کر دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرگودھا میں نئے ہسپتال کی تعمیر تیزی سے جاری ہے، جس سے فیصل آباد کے ہسپتالوں پر مریضوں کا دباؤ کم ہوگا۔ ہسپتالوں میں ادویات کی بلا تعطل فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔