جدید تعلیم و تحقیق ہی ترقی یافتہ پاکستان کی ضمانت ہے، جامعات محض عمارتیں نہیں بلکہ کردار سازی کے مراکز ہیں: ملک احمد خان

جدید تعلیم و تحقیق ہی ترقی یافتہ پاکستان کی ضمانت ہے، جامعات محض عمارتیں نہیں بلکہ کردار سازی کے مراکز ہیں: ملک احمد خان

گجرات : سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے کہا ہے کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز کا حل صرف اور صرف تعلیم و تحقیق میں پنہاں ہے۔ گجرات میں ایک تعلیمی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے نوجوان نسل پر زور دیا کہ وہ بدلتی ہوئی دنیا کے تقاضوں کے مطابق جدید علوم کے حصول کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔
سپیکر پنجاب اسمبلی نے یونیورسٹیوں کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ جامعات کو محض اینٹ اور گارے کی عمارتیں نہیں سمجھنا چاہیے، بلکہ یہ وہ پلیٹ فارم ہیں جہاں ایک بہترین تعلیمی ماحول نوجوانوں کی چھپی ہوئی صلاحیتوں کو نکھارتا ہے۔ترقی کا راستہ لیبارٹریوں اور لائبریریوں سے ہو کر گزرتا ہے۔ جب تک ہم تحقیق (Research) کو اپنا شعار نہیں بنائیں گے، ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جائیں گے۔
ملک محمد احمد خان نے صوبے میں تعلیمی اصلاحات کا ذکر کرتے ہوئے کہا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف تعلیم کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں لانے کے لیے پرعزم ہیں۔ وہ تعلیمی ڈھانچے کی بہتری اور طلبہ کو بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے دن رات کام کر رہی ہیں۔
انہوں نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی باگ ڈور مستقبل میں ان کے ہاتھوں میں ہے، اس لیے ضروری ہے کہ وہ ڈگری کے ساتھ ساتھ ہنر اور جدید علم سے خود کو لیس کریں تاکہ ملک ترقی کی راہ پر تیزی سے گامزن ہو سکے۔

ٹیگز: