لاہور: صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور پر جاری تعمیراتی کام کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر چیئرمین وزیر اعلیٰ پنجاب ایڈوائزری کمیٹی برائے امراض قلب ڈاکٹر فرقد عالمگیر اور پرنسپل علامہ اقبال میڈیکل کالج پروفیسر طیبہ وسیم بھی موجود تھے۔
ایگزی کیوٹنگ ایجنسی آئی ڈیپ کی نمائندہ مائرہ علی، ڈائریکٹر پی آئی ٹی بی نوشین فیاض اور کنٹریکٹرز نے وزیر صحت کو جاری پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔
صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کی ایمرجنسی اور او پی ڈی بہت جلد عوام کے لیے کھول دی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب لاہور میں 15 ارب روپے سے زائد کی خطیر رقم سے اسٹیٹ آف دی آرٹ انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی بنا رہی ہے، جہاں مریضوں کو بین الاقوامی معیار کی طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ آئی ڈیپ سمیت تمام متعلقہ ادارے دن رات کام کر رہے ہیں اور انشاء اللہ یہ ہسپتال بروقت مکمل ہو گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ یہ ادارہ پنجاب کے ہزاروں مریضوں کے لیے فائدہ مند ثابت ہوگا اور مریضوں کو بہترین سرجنز، آپریشن تھیٹرز اور علاج و معالجہ کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
صوبائی وزیر صحت نے زور دیا کہ حکومت پنجاب امراض قلب میں مبتلا مریضوں کے لیے علاج و معالجہ کی سہولیات بڑھانے اور انہیں گھر کی دہلیز پر بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے۔