لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کی زیر صدارت اجلاس میں لاہور میں ایچی سن معیار کے بوائز اینڈ گرلز سکولز قائم کرنے کے منصوبے کی منظوری دے دی گئی۔
منصوبے کے تحت وحدت روڈ پر طلبہ اور طالبات کے لیے مریم نواز سینٹر آف اکیڈمک لیڈرشپ قائم کیے جائیں گے، جہاں جدید تعلیمی نظام کے ساتھ طلبہ کی ہمہ جہت تربیت پر توجہ دی جائے گی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ نئے قائم ہونے والے سینٹرز میں پانچ، پانچ ہزار طلبہ اور طالبات کو داخلہ دیا جا سکے گا۔ طلبہ کو تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں اور دیگر شعبوں میں بھی عالمی معیار کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
منصوبے میں جدید اسپورٹس ہال، ہاکی اور کرکٹ اسٹیڈیم سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی بھی شامل ہے، تاکہ طلبہ کو بہتر تعلیمی اور تربیتی ماحول میسر آ سکے۔