لاہور/تاشقند: پنجاب حکومت اور ازبکستان کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور برآمدات کے فروغ کے لیے ایک جامع مشترکہ معاہدے کی تیاری کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی قیادت میں پنجاب کے وزرا کے وفد نے گورنر تاشقند ریجن زوئر طائیرووچ مرزاییف سے اہم ملاقات کی۔
دونوں ممالک کے درمیان ثقافت اور تاریخی ورثے کے تحفظ اور فروغ کے لیے ایک مشترکہ ورکنگ کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پنجاب اور تاشقند نے درج ذیل کلیدی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے:
خوراک و زراعت (Food & Agriculture)
لائیو سٹاک اور گوشت کی صنعت
ادویات (Pharmaceuticals)
ہوٹل انڈسٹری اور سیاحت
اجلاس میں پنجاب میں صنعت، ٹیکنالوجی، انفراسٹرکچر، توانائی اور تعلیم کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع کا جائزہ لیا گیا۔فنون لطیفہ کی ترقی اور مشترکہ ثقافتی و تفریحی پروگرامز کے انعقاد پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس معاہدے سے نہ صرف پنجاب کی برآمدات میں اضافہ ہوگا بلکہ ٹیکنالوجی اور ہنرمندی کے فروغ کے منصوبوں سے مقامی نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ دونوں اطراف کے حکام نے ان منصوبوں کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔