لاہور : حکومتِ پنجاب نے صوبے بھر میں عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔ صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے وزیر زراعت عاشق کرمانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کا وژن صرف باتوں تک محدود نہیں بلکہ عملی اقدامات سے ثابت ہو رہا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے اعلان کیا کہ اپریل کے اختتام تک 100 مزید جدید گرین بسیں پنجاب کے بیڑے میں شامل ہو جائیں گی، جس کے بعد صوبے کا کوئی بھی ضلع اس سستی اور معیاری سفری سہولت سے محروم نہیں رہے گا۔ ایک سال کے قلیل عرصے میں پنجاب بھر میں 100 کے قریب نئے ترقیاتی منصوبے شروع کیے جا چکے ہیں، جن کا مقصد عوامی وسائل کو براہِ راست عوام کی فلاح پر خرچ کرنا ہے۔ وزیر زراعت عاشق کرمانی نے بتایا کہ پنجاب حکومت کی بہترین زرعی پالیسیوں کی وجہ سے اس بار گندم کی پیداوار توقعات سے کہیں زیادہ رہی ہے، جس کے مثبت اثرات کسانوں اور عام صارفین تک پہنچیں گے۔
عظمیٰ بخاری نے سیاسی مخالفین کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ کچھ عناصر کا کام صرف سازشیں کرنا اور رونا دھونا ہے، لیکن حکومت ان کی پرواہ کیے بغیر عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب کے وسائل پر صرف یہاں کے عوام کا حق ہے اور وہیں خرچ ہو رہے ہیں۔ پنجاب حکومت نے ایک طرف ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدید بنانے کا بیڑا اٹھایا ہے تو دوسری طرف زراعت کی ترقی کے ذریعے معیشت کو سہارا دینے کے لیے کوشاں ہے۔