خواتین نے ہر میدان میں اپنی صلاحیتیں ثابت کردی ہیں، صنفی تفریق ختم کرنا ہوگی :عظمیٰ بخاری

 خواتین نے ہر میدان میں اپنی صلاحیتیں ثابت کردی ہیں، صنفی تفریق ختم کرنا ہوگی :عظمیٰ بخاری

لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ خواتین نے وقت کے ساتھ ہر شعبے میں اپنی صلاحیتیں ثابت کی ہیں، اب یہ سوچ ختم کرنا ہوگی کہ کوئی کام صرف مرد یا عورت ہی کر سکتی ہے۔

سپیریئر یونیورسٹی کے زیراہتمام ’’آئی ایم اے 2026، انڈسٹری میٹس اکیڈیمیا‘‘ کے تحت منعقدہ دو روزہ نمائش سے خطاب کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کہ طلبہ، صنعت اور اکیڈیمیا کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا قابلِ تحسین اقدام ہے۔ سپیریئر یونیورسٹی نے تعلیم کے شعبے میں نئی راہیں متعارف کرائی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں خواتین کے لیے ڈاکٹر یا ٹیچر بننے کے مواقع تک محدود سمجھے جاتے تھے، تاہم آج خواتین زندگی کے ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہی ہیں۔ دنیا کا ہر کام مرد بھی کر سکتا ہے اور عورت بھی اپنی مہارت کے ذریعے نمایاں مقام حاصل کر سکتی ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آرٹ اینڈ ڈیزائن ایک اہم تخلیقی شعبہ ہے، طلبہ کو اس میدان میں بہترین وسائل اور مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔ آرٹ اینڈ ڈیزائن کے ذریعے عام کپڑے کو بھی خوبصورت اور منفرد انداز میں پیش کیا جا سکتا ہے، جبکہ موجودہ دور میں ہر فرد کو اپنی پسند کے مطابق لباس دستیاب ہونا چاہیے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کلنری آرٹس میں کھانے کو خوبصورت انداز میں پیش کرنا بھی ایک فن ہے، جبکہ آرٹ اینڈ ڈیزائن کی اپنی الگ اہمیت ہے۔ انہوں نے نمائش میں طلبہ کی جانب سے آرٹ، فیشن اور دیگر تخلیقی شعبوں کے پراجیکٹس کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز جشن آزادی منایا گیا اور حکومت پنجاب نے اس سال جشن آزادی کے موقع پر نیا ترانہ بھی بنایا ہے۔ عظمیٰ بخاری نے آئی ایم اے 2026 کے انعقاد پر سپیریئر یونیورسٹی اور شعبہ آرٹ اینڈ ڈیزائن سے وابستہ طلبہ و اساتذہ کو مبارکباد پیش کی۔

ٹیگز: