سولر صارفین کیلئے نیٹ میٹرنگ کا خاتمہ، حکومت کا نیٹ بلنگ سسٹم لانے کا فیصلہ

سولر صارفین کیلئے نیٹ میٹرنگ کا خاتمہ، حکومت کا نیٹ بلنگ سسٹم لانے کا فیصلہ

اسلام آباد :وفاقی حکومت نے سولر توانائی سے بجلی پیدا کرنے والے صارفین کیلئے نیٹ میٹرنگ پالیسی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے بعد ملک میں نیٹ بلنگ نظام متعارف کرانے کی تیاری مکمل کر لی گئی ہے۔ اس سلسلے میں نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے نیٹ میٹرنگ کے خاتمے اور نئی پالیسی کے نفاذ کیلئے باضابطہ اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق نئی نیٹ بلنگ پالیسی کے تحت صارفین کی جانب سے قومی گرڈ سے حاصل کی جانے والی بجلی پر قومی ٹیرف لاگو ہوگا، جبکہ سولر سسٹم سے گرڈ کو فراہم کی جانے والی بجلی کے یونٹس 27 روپے فی یونٹ کے حساب سے خریدے جائیں گے۔

پالیسی دستاویز کے مطابق امپورٹ اور ایکسپورٹ یونٹس کا علیحدہ علیحدہ حساب رکھا جائے گا۔ قومی ٹیرف پر بننے والے بل سے ایکسپورٹ شدہ بجلی کے یونٹس کی رقم منہا کی جائے گی، اور اگر بل کی رقم منفی نہ ہو سکی تو صارفین کو اضافی رقم ادا کرنا ہوگی۔

حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ نیٹ میٹرنگ نظام کے تحت سولر صارفین کو بجلی کے بلوں میں اربوں روپے کا ریلیف مل رہا ہے، جس کے باعث بجلی کے نظام پر مالی دباؤ بڑھ رہا ہے۔ اسی تناظر میں حکومت نے پالیسی میں تبدیلی کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نئی نیٹ بلنگ پالیسی کا اطلاق صرف نئے سولر صارفین پر ہوگا، جبکہ موجودہ صارفین اپنے سات سالہ معاہدے کی مدت پوری ہونے تک نیٹ میٹرنگ کے موجودہ نظام سے فائدہ اٹھاتے رہیں گے۔ کنٹریکٹ کی مدت ختم ہونے پر نئے معاہدے نیٹ بلنگ پالیسی کے تحت کیے جائیں گے۔

ٹیگز: