حیدرآباد گرڈ سٹیشن میں آتشزدگی، این جی سی کی بروقت کارروائی سے بجلی کا نظام بحال

حیدرآباد گرڈ سٹیشن میں آتشزدگی، این جی سی کی بروقت کارروائی سے بجلی کا نظام بحال

لاہور: حیدرآباد کے 220 کے وی ہالا روڈ گرڈ سٹیشن میں آٹو ٹرانسفارمر میں آتشزدگی کے واقعے کے بعد بجلی کی فراہمی بحال کر دی گئی ہے۔ نیشنل گرڈ کمپنی آف پاکستان (این جی سی) کے ترجمان کے مطابق متاثرہ علاقوں میں بجلی کی سپلائی دوپہر 12 بج کر 15 منٹ پر مکمل طور پر بحال ہوئی۔

ترجمان این جی سی کے مطابق منگل کی صبح 6 بج کر 5 منٹ پر ہالا روڈ گرڈ سٹیشن میں نصب 250 ایم وی اے آٹو ٹرانسفارمر (ٹی-1) میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے بعد فوری حفاظتی اقدامات کرتے ہوئے متاثرہ ٹرانسفارمر کو سسٹم سے الگ کر دیا گیا۔

این جی سی کی ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متبادل انتظامات کے ذریعے گرڈ سٹیشن کو دوبارہ فعال کیا، جبکہ دیگر 220/132 کے وی پاور ٹرانسفارمرز اور 132 کے وی بس بارز کو بھی چارج کر دیا گیا۔

ترجمان کے مطابق فائر فائٹنگ اداروں اور ریسکیو سروسز کے تعاون سے آگ پر قابو پایا گیا، جس کے باعث بجلی کے نظام کو مزید نقصان سے محفوظ رکھا گیا۔ حیسکو کا بجلی کی تقسیم کا نظام بھی معمول کے مطابق کام کر رہا ہے۔

این جی سی حکام نے آتشزدگی کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ واقعے کا تکنیکی جائزہ بھی لیا جا رہا ہے۔

ٹیگز: