لاہور: پنجاب حکومت نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں ثقافت، فنونِ لطیفہ اور فلم انڈسٹری کے فروغ کے لیے بڑے اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے فنکاروں کی مالی امداد میں 100 فیصد اضافہ کر دیا ہے، جبکہ مجوزہ فلم سٹی منصوبے کے لیے 55 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔
بجٹ دستاویزات کے مطابق پنجاب میں فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کی بحالی کے لیے اپنی نوعیت کی پہلی قانون سازی، پنجاب فلم سٹی اتھارٹی ایکٹ منظور کی گئی ہے، جس کے تحت جدید فلمی انفراسٹرکچر کی تعمیر کی راہ ہموار ہوگی۔
حکومت کے مطابق 50 ایکڑ رقبے پر قائم ہونے والی فلم سٹی میں جدید اسٹوڈیوز، ساؤنڈ سٹیجز، وی ایف ایکس سہولیات، پوسٹ پروڈکشن لیبز اور عالمی معیار کی دیگر تکنیکی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ منصوبے کے تحت پاکستان کا پہلا فلم اسکول قائم کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔
بجٹ میں ثقافت کے شعبے کی ترقی کے لیے متعدد نئے منصوبے شامل کیے گئے ہیں، جن کا مقصد مقامی فنون، ثقافتی سرگرمیوں اور تخلیقی صنعتوں کو فروغ دینا ہے۔
علاوہ ازیں، الحمرا آرٹس کونسل کی زیر نگرانی نجی شعبے کے تعاون سے تھیٹر ریوائیول پروگرام بھی آئندہ مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں میں شامل کیا گیا ہے، جس کے ذریعے تھیٹر کی سرگرمیوں کو دوبارہ فعال اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کی کوشش کی جائے گی۔
حکومت کا کہنا ہے کہ ان اقدامات سے نہ صرف فلم، ڈرامہ اور تھیٹر کی صنعت کو نئی زندگی ملے گی بلکہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور پنجاب کی ثقافتی شناخت کو بھی فروغ حاصل ہوگا۔