رواداری وقت کا تقاضا ہے، دنیا کو بہتر بنانے کا عہد کریں: وزیراعلیٰ مریم نواز شریف

رواداری وقت کا تقاضا ہے، دنیا کو بہتر بنانے کا عہد کریں: وزیراعلیٰ مریم نواز شریف

لاہور: برداشت اور رواداری کے فروغ کے عالمی دن کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ موجودہ دور میں بڑھتی ہوئی انتہا پسندی اور پرتشدد تنازعات کے باعث معاشرے میں رواداری اور باہمی افہام و تفہیم کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ نفرت، عدم برداشت اور نااتفاقی کے خاتمے کے لیے محبت، اتفاق اور مثبت سوچ اپنانا ناگزیر ہے۔ آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم دنیا کو رواداری اور باہمی احترام کے ذریعے سب کے رہنے کے لیے ایک بہتر اور پرامن جگہ بنائیں گے۔

مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ معاشرہ اس وقت برداشت اور رواداری کے رویوں کا شدت سے متقاضی ہے۔ نبی کریم ﷺ کی سیرت رواداری اور بردباری کی بہترین مثال ہے، جنہوں نے دشمنوں کے ساتھ بھی اعلیٰ اخلاق اور تحمل کا مظاہرہ کیا۔ اسلام بھی پرامن رہنے اور رواداری اختیار کرنے کی تعلیم دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ منفی رویے نہ صرف خاندان بلکہ پورے معاشرے کی تباہی کا باعث بنتے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ ہم مثبت طرزِ عمل اپنائیں اور ایک دوسرے کو برداشت کرنے کا عملی مظاہرہ کریں۔ وزیراعلیٰ نے معاشرے کے ہر طبقے پر زور دیا کہ وہ برداشت اور تحمل کے رجحان کو پروان چڑھانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم اجتماعی طور پر اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ رواداری اور برداشت کو فروغ دینے کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔

ٹیگز: