دوحہ / اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ قطر کے دوران انہیں ملنے والے غیر معمولی پروٹوکول اور شاہانہ استقبال کو حکومتِ پاکستان نے ملک کے بڑھتے ہوئے عالمی وقار کی علامت قرار دیا ہے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اس موقع پر ایک خصوصی بیان جاری کرتے ہوئے اسے ہر پاکستانی کے لیے فخر کا لمحہ قرار دیا ہے۔
مریم اورنگزیب نے بتایا کہ جیسے ہی وزیراعظم شہباز شریف کا طیارہ قطر کی فضائی حدود میں داخل ہوا، قطر کے لڑاکا طیاروں نے انہیں فضا میں خوش آمدید کہا اور طیارے کو اپنے حصار میں لے کر ایئرپورٹ تک باوقار طریقے سے اسکارٹ کیا۔ یہ پروٹوکول انتہائی خاص موقعوں پر صرف قریبی دوست ممالک کے سربراہان کو دیا جاتا ہے۔
سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں وزیراعظم کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہاوزیراعظم شہباز شریف اپنی انتھک محنت سے دنیا بھر میں پاکستان کا نام بلند کر رہے ہیں۔ قطری فضائی حدود میں طیارے کو اسکارٹ کیا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا میں پاکستان کا مقام دوبارہ بحال ہو رہا ہے۔ یہ لمحہ قوم کی عزت، اتحاد اور عالمی سطح پر ہماری بڑھتی ہوئی ساکھ کو ظاہر کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہااللہ تعالیٰ نے شہباز شریف کو پاکستان کی عزت، احترام اور ترقی کا ذریعہ بنایا ہے۔ ان کی قیادت میں پاکستان دوبارہ ایک معتبر معاشی اور سیاسی قوت بن کر ابھر رہا ہے۔مبصرین کا کہنا ہے کہ قطر کی جانب سے اس قدر اعلیٰ درجے کا سفارتی استقبال دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کی گہرائی کو ظاہر کرتا ہے۔ یہ اقدام اس بات کی عکاسی ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی خارجہ پالیسی کے نتیجے میں دوست ممالک کا پاکستان پر اعتماد بحال ہو چکا ہے۔