سیف سٹی کی 'ورچوئل پٹرولنگ' رنگ لے آئی، ہربنس پورہ میں موٹر سائیکل چھیننے والا 2 رکنی گروہ گرفتار

سیف سٹی کی 'ورچوئل پٹرولنگ' رنگ لے آئی، ہربنس پورہ میں موٹر سائیکل چھیننے والا 2 رکنی گروہ گرفتار

لاہور : پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے جدید ترین سرویلنس سسٹم اور غازی آباد پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے شہر میں موٹر سائیکل چوری اور چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث دو رکنی خطرناک گروہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمان ہربنس پورہ اور گرد و نواح کے علاقوں میں شہریوں کے لیے خوف کی علامت بنے ہوئے تھے۔
ترجمان سیف سٹی کے مطابق، سیف سٹی کے ورچوئل پٹرولنگ آفیسر نے کیمروں کی مانیٹرنگ کے دوران ایک مشکوک موٹر سائیکل کی نشاندہی کی، جو ریکارڈ کے مطابق چوری شدہ تھی۔ جدید کیمرہ نیٹ ورک کے ذریعے ملزمان کی شہر بھر میں نقل و حرکت کو مسلسل ٹریس کیا گیا، جس سے ان کے ٹھکانوں اور واردات کے طریقوں کا علم ہوا۔
سیف سٹی آپریشنز ٹیم نے مختلف مقامات سے حاصل کردہ تمام ڈیجیٹل شواہد اور ملزمان کی نقل و حرکت کا ڈیٹا غازی آباد پولیس کے ساتھ شیئر کیا۔ غازی آباد پولیس نے موصولہ معلومات پر بروقت چھاپہ مار کر دونوں ملزمان کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ملزمان کے قبضے سے مسروقہ موٹر سائیکل اور دیگر سامان برآمد کر کے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
سیف سٹی حکام کا کہنا ہے کہ جدید کیمروں کی مدد سے اب مجرموں کا بچنا ناممکن ہوتا جا رہا ہے۔ ورچوئل پٹرولنگ کے ذریعے نہ صرف وارداتوں کے بعد ملزمان کو ٹریس کیا جاتا ہے بلکہ مشکوک نقل و حرکت پر نظر رکھ کر کئی وارداتوں کو قبل از وقت ناکام بھی بنایا جا رہا ہے۔

ٹیگز: