لاہور :ماہِ صیام کی آمد کے پیشِ نظر لاہور پولیس نے شہر بھر میں سکیورٹی اور کرائم کنٹرول پلان پر عمل درآمد شروع کر دیا ہے۔ شہریوں کے تحفظ اور عبادت گاہوں میں پرامن ماحول کو یقینی بنانے کے لیے فورس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران کے مطابق، شہر کی مجموعی طور پر 4999 مساجد کو سکیورٹی کے لحاظ سے چار مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا ہے تاکہ وسائل کا بہتر استعمال کیا جا سکے۔
انتہائی حساس مساجد پر ایک پولیس افسر سمیت 6 اہلکار مستقل بنیادوں پر تعینات ہوں گے۔ ان مساجد کی حساسیت کے مطابق نفری کی تعداد اور گشت کا شیڈول مرتب کیا گیا ہے۔
پولیس کی معاونت کے لیے عوامی سطح پر بھی بڑا متحرک دستہ تیار کیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ مساجد اور امام بارگاہوں کی سکیورٹی کے لیے 14 ہزار سے زائد والنٹیئرز پولیس کے ساتھ مل کر فرائض سرانجام دیں گے۔ ان والنٹیئرز کو تلاشی کے عمل اور داخلی راستوں کی نگرانی کے لیے خصوصی بریفنگ بھی دی گئی ہے۔
رمضان پلان کے تحت سحر و افطار کے اوقات میں مارکیٹوں، بازاروں اور مصروف شاہراہوں پر پولیس گشت میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ڈولفن اسکواڈ اور پی آر یو (PRU) کی ٹیموں کو مساجد کے اطراف اور عوامی مقامات پر موثر پٹرولنگ کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ سنیچنگ اور چوری کی وارداتوں کا سدِباب کیا جا سکے۔