لاہور: حکومتِ پنجاب نے رمضان المبارک کے دوران عوام کو سستی اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے صوبہ بھر میں 74 سہولت رمضان بازار فعال کر دیے ہیں۔ ان بازاروں کا مقصد عام آدمی کو مہنگائی کے بوجھ سے بچانا اور معیاری اشیاء تک آسان رسائی فراہم کرنا ہے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور میں شہریوں کی سہولت کے لیے نیٹ ورک کو مزید وسیع کر دیا گیا ہے۔شہر کے مختلف حصوں میں 10 ماڈل سہولت بازاروں کو مکمل طور پر رمضان بازاروں میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔
لاہور میں 13 خصوصی "سہولت آن دی گو" بازار بھی فعال کیے گئے ہیں، جو متحرک رہتے ہوئے شہریوں کو ان کی دہلیز کے قریب سستی اشیاء فراہم کریں گے۔انتظامیہ کے مطابق ان بازاروں میں عام مارکیٹ کے مقابلے میں نمایاں رعایت دی جا رہی ہے۔
آٹا، چینی، گھی، دالیں اور سبزیوں سمیت 16 انتہائی ضروری اشیاء سرکاری ریٹ لسٹ سے بھی کم قیمت پر دستیاب ہوں گی۔ ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ قیمتوں کے ساتھ ساتھ اشیاء کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات پر ان بازاروں کی روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کی جائے گی تاکہ ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشی کا خاتمہ ہو سکے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان بازاروں کے قیام سے عام مارکیٹ میں بھی قیمتوں کو مستحکم رکھنے میں مدد ملے گی۔