محرم الحرام کے پیش نظر پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ، متعدد پابندیوں کا اعلان

محرم الحرام کے پیش نظر پنجاب بھر میں دفعہ 144 نافذ، متعدد پابندیوں کا اعلان

لاہور: پنجاب حکومت نے محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لیے صوبے بھر میں یکم سے 10 محرم تک دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔ اس حوالے سے محکمہ داخلہ پنجاب نے نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 9 اور 10 محرم الحرام کو موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی، تاہم خواتین، بزرگ شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کو اس پابندی سے استثنیٰ حاصل ہوگا۔

محکمہ داخلہ کی جانب سے اشتعال انگیز تقاریر، نفرت انگیز مواد کی تشہیر اور اسلحے کی نمائش پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات محرم الحرام کے دوران مذہبی ہم آہنگی، امن و امان اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔

نوٹیفکیشن میں متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ پابندیوں پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے اور خلاف ورزی کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔

ٹیگز: