لاہور : گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی ملک کی واحد جماعت ہے جس کے لیڈر پیدائشی ہیں، جبکہ دیگر جگہوں پر لیڈر "بنائے" جاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی لاہور آفس کے دورے کے موقع پر کیا، جہاں ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔
گورنر پنجاب کی آمد پر لاہور آفس جانے والے تمام راستوں پر استقبالی کیمپ لگائے گئے تھے۔ صدر پیپلز پارٹی لاہور فیصل میر نے جیالوں کے بڑی تعداد کے ہمراہ ان کا خیر مقدم کیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کا کہنا تھابلاول بھٹو زرداری کا جیسا سیاسی قد کاٹھ ہے، ویسا کسی اور کا نہیں۔ میرا ایمان ہے کہ پیپلز پارٹی لاہور اور پنجاب بھر میں مکمل طور پر بحال ہو چکی ہے۔
ملک کو موجودہ مشکلات سے نکالنے کے لیے شہیدوں کے وارث بلاول بھٹو زرداری کو ملک کا وزیراعظم بنانا ہمارا اولین مشن ہے۔اس موقع پر صدر پیپلز پارٹی لاہور فیصل میر نے آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کرتے ہوئے کہا پیپلز پارٹی 29 مارچ کو لبرٹی چوک پر بڑا سیاسی شو کرے گی، جس کے بعد مینارِ پاکستان پر بھی جلسہ عام منعقد کیا جائے گا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومتِ پنجاب صدر آصف علی زرداری کے اس بیان کو سنجیدگی سے لے کہ "راوی کے نیچے وافر پانی موجود ہے" اور شہر کو پانی کی فراہمی کے لیے فوری اقدامات کرے۔