لاہور : ملک بھر میں رحمتوں، برکتوں اور مغفرت کے مہینے رمضان المبارک کا چاند نظر آگیا ہے، جس کے ساتھ ہی آج پاکستان میں پہلا روزہ ہے۔ اس مقدس مہینے کے آغاز پر جہاں ملک بھر میں روحانی خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، وہیں نیو نیوز بھی تمام اہل وطن کو ماہِ صیام کی مبارکباد پیش کرتا ہے۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے باضابطہ اعلان کیا کہ ملک کے مختلف حصوں سے چاند کی مستند شہادتیں موصول ہوئی ہیں۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ دشمن ملک میں انتشار پھیلانا چاہتا ہے، ہمیں متحد ہو کر آگے بڑھنا ہوگا۔مسلح افواج بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہی ہیں۔ انہوں نے فیلڈ مارشل کی قیادت میں بھارت کے خلاف معرکہ حق کی عظیم کامیابیوں کو بھی یاد کیا۔چاند کے اعلان کے ساتھ ہی ملک بھر کی مساجد میں نمازِ تراویح کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔
مساجد فرزندانِ اسلام سے بھر گئیں جہاں قرآن پاک کی تلاوت اور خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ شہر شہر، گلی گلی مساجد میں برقی قمقموں کی روشنی اور تلاوتِ کلام پاک کی صداؤں نے سماں باندھ دیا ہے۔
پہلے روزے کی مناسبت سے گھر گھر سحری کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ سحری کے لیے انواع و اقسام کے روایتی پکوان تیار کیے جا رہے ہیں۔ دہی، لسی، پراٹھے اور دیگر مرغن غذاؤں سے دسترخوان سجائے جا رہے ہیں۔ بازاروں کی صورتحال: سحری کے سامان کی خریداری کے لیے رات گئے تک بازاروں میں گہما گہمی دیکھنے میں آئی۔دوسری جانب سعودی عرب میں رمضان کا آغاز پہلے ہی ہو چکا ہے، جہاں مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ میں پہلی افطاری کے انتہائی روح پرور مناظر دیکھے گئے۔ لاکھوں زائرین نے بیت اللہ اور روضہ رسول ﷺ کے سائے میں روزہ افطار کیا اور عالم اسلام کی سلامتی کے لیے دعائیں کیں۔