لاہور : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے لاہور میں تعینات ہونے والے نئے چینی قونصل جنرل نے اہم ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، پاک چین تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے نئے چینی قونصل جنرل کو لاہور میں اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کی تعیناتی سے پنجاب اور چین کے درمیان معاشی و ثقافتی تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ملاقات کے دوران چینی قونصل جنرل نے وزیراعلیٰ مریم نواز کو چین کے سرکاری دورے کی دعوت دی، جسے انہوں نے شکریہ کے ساتھ قبول کر لیا۔
ملاقات میں زراعت، ٹیکنالوجی اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں میں چینی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب میں جاری چینی منصوبوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے چینی ماہرین کی خدمات کو سراہا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ چین پاکستان کا دیرینہ اور قابلِ اعتماد دوست ہے اور پنجاب حکومت چینی سرمایہ کاری کے لیے ہر ممکن سہولیات فراہم کرتی رہے گی۔ چینی قونصل جنرل نے بھی پنجاب کی ترقی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے صوبائی حکومت کے اقدامات کی تعریف کی