باکو / لاہور: آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں جاری بین الاقوامی نمائش میں پنجاب حکومت کا "اپنی چھت اپنا گھر" پویلین غیر ملکی مہمانوں اور عالمی سرمایہ کاروں کی خصوصی توجہ کا مرکز بن گیا ہے، جہاں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اس تاریخی اور فلاحی منصوبے کو عالمی سطح پر شوکیس کریں گی۔
صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے باکو سے جاری اپنے ایک بیان میں اس منصوبے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ "اپنی چھت اپنا گھر" پروگرام دنیا کا سب سے بڑا، سستا اور منفرد ہاؤسنگ پروگرام ہے جس کی مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ اس انقلابی منصوبے کے تحت اب تک 1 لاکھ گھر مکمل کیے جا چکے ہیں جبکہ مزید 60 ہزار گھروں کی تعمیر کا کام گراؤنڈ پر انتہائی تیزی سے جاری ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز کا ہدف اگلے 5 سالوں میں 5 لاکھ بے گھر خاندانوں کو اپنی چھت فراہم کرنا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے سیاسی مخالفین کو کڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں مریم نواز کی قیادت میں منصوبے فائلوں تک محدود نہیں رہتے بلکہ زمین پر ڈلیور ہوتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ انہوں نے سخت لہجہ اختیار کرتے ہوئے مزید کہا کہ "جو لوگ کارکردگی کے میدان میں ہمارا مقابلہ نہیں کر سکتے، اب انہیں مریم نواز کے جوتوں سے بھی تکلیف ہو رہی ہے"۔ سفارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ باکو میں اس پویلین کی کامیابی مریم نواز کی عوامی گورننس پر عالمی اعتماد کا مظہر ہے۔