بچوں کے خلاف جرائم کو جڑ سے ختم کیا جائے گا:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا اعلان

 بچوں کے خلاف جرائم کو جڑ سے ختم کیا جائے گا:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا اعلان

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں بچوں کے خلاف جرائم کے مکمل خاتمے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔ بچوں کے جنسی استحصال، بدسلوکی اور تشدد کی روک تھام و بحالی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ بچوں کے خلاف هر جرم دراصل انسانیت پر حملہ ہے۔

مریم نواز نے اپنے مؤقف میں کہا بچے میری ریڈ لائن ہیں، وہ سب میرے لیے پیارے ہیں، اور ان کی حفاظت یقینی بنانا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔"

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ بچوں کے ساتھ جنسی استحصال اور تشدد میں ملوث عناصر سماج کے ناسور ہیں اور انہیں پنجاب سے جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں پاکستان کا پہلا ورچوئل سینٹر برائے چائلڈ سیفٹی قائم کیا جا چکا ہے، جہاں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور مضبوط گورننس کو ملا کر بچوں اور شہریوں کے تحفظ کا جدید نظام متعارف کرایا گیا ہے۔

مریم نواز کے مطابق ورچوئل سینٹر نے اب تک ہزاروں لاپتہ بچوں اور بزرگ شہریوں کو ان کے اہل خانہ سے ملانے میں نمایاں کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ اگر پنجاب میں کسی بچے کے لاپتہ ہونے کی اطلاع ہو تو فوراً ورچوئل سینٹر برائے چائلڈ سیفٹی سے رابطہ کریں تاکہ بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔

ٹیگز: