لاہور : سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ 2022 میں پی ڈی ایم کی حکومت کا قیام ملک کے لیے خوش قسمتی ثابت ہوا، جہاں سے پاکستان کی تقدیر کی تبدیلی کا آغاز ہوا۔ لاہور میں ایک عوامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود شہباز شریف نے ملک کو ڈوبنے سے بچایا۔
ایاز صادق نے اپنے خطاب میں خصوصی طور پر ذکر کیا کہ جنرل عاصم منیر کو آرمی چیف مقرر کرنا میاں نواز شریف اور شہباز شریف کا ایک ایسا دوراندیش فیصلہ تھا جس نے ملکی استحکام میں کلیدی کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اقتدار سنبھالتے ہی اپنی انتظامی صلاحیتوں کے ذریعے معاشی بحرانوں کا مقابلہ کیا اور ملک کو ایک درست سمت عطا کی۔
سپیکر قومی اسمبلی نے پنجاب میں جاری ترقیاتی کاموں پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ صوبے بھر میں تعمیر و ترقی کا نیا دور شروع ہو چکا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ صرف ان کے اپنے حلقے میں 38 ارب روپے کے ریکارڈ ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے۔
ایاز صادق کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کا مقصد صرف اقتدار نہیں بلکہ عوامی خدمت اور ملک کی معاشی خودمختاری ہے۔