لاہور : محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب نے گاڑیوں کی رجسٹریشن کے حوالے سے ایک جدید اور انقلابی نظام متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت ہر گاڑی کا رجسٹریشن نمبر براہِ راست مالک کے قومی شناختی کارڈ نمبر سے منسلک ہوگا۔
نمائندہ لاہور رنگ ادریس شیخ کے مطابق محکمے کے ذرائع کے مطابق نئے نظام کے تحت اگر کوئی گاڑی فروخت کی جاتی ہے تو پرانا مالک اپنا رجسٹریشن نمبر اپنے پاس محفوظ رکھ سکے گا، جبکہ نئی گاڑی کے خریدار کو محکمہ ایکسائز کی جانب سے نیا رجسٹریشن نمبر الاٹ کیا جائے گا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ پرانا رجسٹریشن نمبر، جسے فروخت کے بعد غیر استعمال شدہ شمار کیا جائے گا، زیادہ سے زیادہ دو سال کی مدت تک محفوظ رکھا جا سکے گا۔ اس مدت کے دوران پرانا مالک اس نمبر کو کسی دوسری گاڑی کے لیے استعمال میں لا سکتا ہے۔
محکمہ ایکسائز کا کہنا ہے کہ اس جدید نظام کے نفاذ سے گاڑیوں کی خرید و فروخت میں شفافیت آئے گی، اور رجسٹریشن نمبروں کی ذاتی ملکیت کو تحفظ ملے گا۔ اس اقدام سے نہ صرف جعلسازی اور فراڈ کی روک تھام ممکن ہوگی بلکہ عوام کو پرسنلائزڈ نمبر پلیٹس کے حصول میں بھی آسانی ہو گی۔