پنجاب فوڈ اتھارٹی کا صحت مند پنجاب کی جانب اہم قدم، ہیلدی ڈائٹ ریسورس سنٹر قائم

پنجاب فوڈ اتھارٹی کا صحت مند پنجاب کی جانب اہم قدم، ہیلدی ڈائٹ ریسورس سنٹر قائم

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر پنجاب فوڈ اتھارٹی نے عوام کو صحت مند اور متوازن خوراک کے حوالے سے آگاہی دینے کے لیے اہم اقدام کرتے ہوئے پنجاب فوڈ اتھارٹی ٹریننگ سکول میں ہیلدی ڈائٹ ریسورس سنٹر قائم کر دیا۔

نئے ریسورس سنٹر میں شہریوں کو غذائیت سے متعلق آگاہی، ڈائٹ کونسلنگ، بنیادی ٹیسٹ اور ہیلتھ اسکریننگ کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ شہریوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق متوازن ڈائٹ پلان اور صحت مند طرزِ زندگی اپنانے کے حوالے سے بھی رہنمائی دی جائے گی۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق ہیلدی ڈائٹ ریسورس سنٹر کے قیام کا مقصد عوام میں صحت بخش خوراک کے استعمال، متوازن غذا اور غذائیت کی اہمیت کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے۔

ریسورس سنٹر میں فوڈ سیفٹی افسران، فوڈ ہینڈلرز اور متعلقہ ماہرین کی جدید خطوط پر تربیت کے لیے بھی خصوصی سہولیات فراہم کی گئی ہیں، جہاں انہیں فوڈ سیفٹی، غذائیت اور صحت مند خوراک سے متعلق جدید طریقہ کار سے آگاہ کیا جائے گا۔

حکام کے مطابق جدید طرز کے اس ریسورس سنٹر سے عوامی آگاہی کے ساتھ ساتھ فوڈ سیفٹی سے وابستہ افراد کی پیشہ ورانہ استعداد میں بھی اضافہ ہوگا، جبکہ صحت مند خوراک اور بہتر طرزِ زندگی کے فروغ میں مدد ملے گی۔

ٹیگز: