لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق صوبے میں صحت کی سہولیات کو جدید ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) سے ہم آہنگ کرنے کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت اہم اجلاس میں ٹیلی میڈیسن پائلٹ پراجیکٹ کی منظوری دے دی گئی۔
اسی ماہ لاہور میں ٹیلی میڈیسن کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کیا جائے گا، جسے بعد ازاں تمام اضلاع تک پھیلایا جائے گا۔ ابتدائی طور پر خدمات شام 4 بجے سے رات 12 بجے تک میسر ہوں گی، جبکہ دوسرے مرحلے میں اسے 24 گھنٹے تک بڑھا دیا جائے گا،ہر مریض کا ڈیجیٹل ریکارڈ مرتب ہوگا جو صوبے کے تمام ہسپتالوں کے ساتھ منسلک (Interlinked) ہوگا۔
اس منصوبے کی سب سے منفرد خصوصیت ٹیلی میڈیسن ایپ کو ریسکیو 1122 کے ساتھ جوڑنا ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ایپ پر موجود میڈیکل سٹاف خود 1122 کو مریض کی لوکیشن فراہم کرے گا تاکہ فوری امداد پہنچائی جا سکے۔
صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے اجلاس کے دوران کہا کہ یہ منصوبہ عوامی مفاد کا حامل تھا جسے گزشتہ حکومت نے سیاسی تعصب کی بھینٹ چڑھا دیا تھا۔ اب مریم نواز ٹیلی میڈیسن پراجیکٹ کے ذریعے نہ صرف گھر بیٹھے اسپیشلسٹ ڈاکٹرز میسر ہوں گے بلکہ صحت کی سہولیات ہر شہری کی دہلیز تک پہنچیں گی۔
مریم نواز صحت ایپ 1122 کے ساتھ لنک، گھر بیٹھے علاج کی سہولت، صحت کے شعبے میں آئی ٹی کا استعمال, لاہور سے ٹیلی میڈیسن پائلٹ پراجیکٹ اسی ماہ شروع کرنے کا حکم۔ پنجاب حکومت کا ٹیلی میڈیسن ایپ اور ڈیجیٹل ہیلتھ ریکارڈ متعارف کرانے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔