لاہور:صوبائی وزیر صحت و بہبودِ آبادی خواجہ عمران نذیر نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے حکم پر مستحق خاندانوں کو ان کا حق ان کے گھر کی دہلیز پر پہنچایا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے حلقہ پی پی 150 میں نادار اور مستحق افراد میں رمضان نگہبان کارڈز تقسیم کرنے کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کے دوران کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ عمران نذیر نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے مجموعی طور پر 40 لاکھ خاندانوں کو اس سکیم کے دائرہ کار میں لانے کا اعلان کر رکھا ہے۔اب تک 4 لاکھ سے زائد کارڈز کامیابی کے ساتھ مستحقین کی دہلیز پر پہنچائے جا چکے ہیں۔
رمضان المبارک میں مہنگائی کے جن کو قابو کرنے کے لیے تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو فیلڈ میں متحرک کر دیا گیا ہے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ اس پروگرام کا مقصد لائنوں میں لگے بغیر مستحقین کی عزتِ نفس کی حفاظت کرنا ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ کارڈز کی تقسیم کے عمل کو مزید تیز کیا جائے تاکہ رمضان کے مقدس مہینے میں کوئی بھی ضرورت مند محروم نہ رہے۔