لاہور :سٹی ٹریفک پولیس لاہور کے سربراہ سی ٹی او ڈاکٹر محمد اطہر وحید نے پہلا روزہ ٹریفک وارڈنز کے ساتھ سڑک پر گزارا۔ انہوں نے لبرٹی چوک میں ڈیوٹی پر مامور اہلکاروں کے ہمراہ روزہ افطار کیا اور ان کے بلند حوصلے کو سراہا۔
سی ٹی او لاہور کی خصوصی ہدایت پر شہر کے مختلف مقامات پر افطار پروگرامز کا انعقاد کیا گیا۔سی ٹی او ڈاکٹر محمد اطہر وحید کے ہمراہ ایس پی ٹریفک ہیڈ کوارٹرز منصور الحسن، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز سہیل افتخار اور سرکل آفیسر محمد عمر نے افطار کیا۔ ڈویژنل ایس پیز اور سرکل افسران نے بھی اپنے اپنے علاقوں میں وارڈنز کے ساتھ مختلف چوکوں پر روزہ افطار کر کے یگانگت کا ثبوت دیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد اطہر وحید نے کہا کہ ٹریفک پولیس ہر سال کی طرح اس سال بھی سڑکوں پر افطار کر رہی ہے تاکہ شہری سکون کے ساتھ بروقت اپنے گھروں کو پہنچ سکیں۔ ہماری ترجیح شہریوں کی خدمت اور سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنا ہے۔
لاہور ٹریفک پولیس نے رمضان المبارک کے لیے خصوصی انتظامات کیے ہیں۔افطار اور تراویح کے اوقات میں مساجد اور اہم شاہراہوں پر اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔ افطار سے قبل رش کے اوقات میں ٹریفک کو منظم رکھنے کے لیے تمام افسران خود فیلڈ میں موجود رہیں گے۔